حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، "جعفری آبزرور" ممبئی کے مدیر مولانا سید محمد ذکی حسن نے آیت اللہ صافی کی عظیم رحلت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کو عالم شیعیت کے ایک بزرگ مرجع اور مربی قوم و مصلح ملت کے طور پر آپ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تعزیتی پیغام کا متن کچھ اس طرح ہے:
انا للہ و انا الیہ راجعون
ایۃ اللہ العظمی آقای لطف اللہ صافی گلپائگانی قدس سرہ کے انتقال پر ملال کی خبر سن کر قلبی رنج و غم ہوا، عالم شیعیت کے ایک بزرگ مرجع اور مربی قوم و مصلح ملت کے طور پر آپ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اپنی سو سال سے زائد عمر با برکت میں آپ نے متعدد کتابیں تصنیف فرمائیں، لا رعداد شاگرد تربیت کئے، بے شمار انسانوں کو راہ حق دکھائی اور ہدایت کی طرف رہنمائی فرمائی۔
آپ کی اکثر کتب کا متعدد زبانوں میں ترجمہ ہوا جن میں سے ایک کتاب "فضائل امیر المومنین" کے ترجمہ میں آج کل حقیر مصروف تھا کہ یہ خبر جانکاہ موصول ہوئی، آپ کے فقدان سے جہان تشیع کو شدید صدمہ ہوا ہے، آپ کی رحلت نے ایک ایسا خلا پیدا کر دیا ہے جس کی بھرپائی ممکن نہیں ہے۔
ہم اس غمناک اور اندہناک موقع پر سرکار ولیعصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے حضور میں تعزیت پیش کرتے ہیں، نیز تمام مراجع کرام، علمائے ذوی الاحترام بالخصوص مرحوم کے شاگردوں اور غمزدہ خانوادہ کی خدمت میں تسلیت عرض کرتے ہیں۔
اللهم اجعله عندک فی اعلی علیین مع سیدنا محمد و آله علیه و علیهم السلام، وارزقه شفاعتهم یوم القیامه
والسلام
سید محمد ذکی حسن
مدیر "جعفری آبزرور" ممبئی۔
آپ کا تبصرہ